ڈھاکہ،13ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 100 سے زیادہ بنگلہ دیشی شہریوں کو میکسیکو سے امریکہ کے ٹیکساس ریاست میں غیر قانونی طورپر سرحد پار کرنے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔امریکہ میں واقع بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے مطابق گزشتہ 7 ستمبر کو دو نابالغ اور تین بالغوں سمیت پانچ بنگلہ دیشی شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ایک رپورٹ کے مطابق اس مالی سال میں کل 622 بنگلہ دیشیوں کو گرفتار کیاگیا ہے ،جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 181 تھی۔
جنوبی سوڈان کا باغیوں کے ساتھ امن معاہدہ
عدیس ابابا، 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی سوڈان کے صدر سلوا کیر نے باغی لیڈر ریک ماشر کے ساتھ امن معاہدہ کیا ہے اور نئے امن معاہدے کے مطابق مسٹر ریک ماشر کو ان کے نائب صدر کے عہدہ پر بحال کیا جائے گا۔جنوبی سوڈان نے بیان جاری کرکے کہا کہ ہمیں اس معاہدے کا فائدہ اٹھا کر جنوبی سوڈان کے لوگوں کے لئے امن کو یقینی بنانا ہوگا۔
امریکہ، برطانیہ اور ناروے نے اس نئے امن معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے ۔جنوبی سوڈان، سوڈان سے سال 2011 میں الگ ہونے کے بعد سے گزشتہ دو برسوں سے تنازعات میں الجھا ہوا ہے ۔ صدر سلوا کیر اور ریک ماشر کے درمیان تصادم نے فوجی جدوجہد کی شکل اختیار کر لی تھی۔اس سے پہلے سال 2015 میں کیا گیا امن معاہدہ ایک سال بعد ہی تہس نہس ہو گیا تھا اور حکومت اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا۔