واشنگٹن۔31 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی کانگریس سے پاس ہونے والے نیشنل ڈیفنس اتھارائزیشن ایکٹ ( این ڈی اے اے ) 2019 میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے سلسلہ میں پاکستان کو دی جانے والی سیکورٹی امداد کی مد میں مستقبل میں دی جانے والی ادائیگیوں کا ذکر نہیں ہے ۔’ڈان‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی ہاؤس آف پارلیمنٹ اور سینیٹ میں گزشتہ ہفتے منظور ہونے والا بل اب دستخط کیلئے امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ کے پاس بھیجا جائے گا، جس کے بعد یہ قانون کی شکل اختیار کرلے گا۔اس بل میں حقانی نیٹ ورک سے متعلق صرف ایک حوالہ دیا گیا ہے جبکہ امریکہ کہ جانب سے یہ دعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ حقانی نیٹ ورک پاکستان میں اپنی محفوظ پناہ گاہوں سے افغانستان میں حملے کرتا ہے ، تاہم اسلام آباد نے ہمیشہ ان دعووں کو مسترد کیا ہے ۔اس بل میں عسکریت پسندوں کے خلاف اپنے علاقے کا دفاع کرنے کیلئے افغان سیکورٹی فورسز کی صلاحیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے حقانی نیٹ ورک کا ذکر کیا گیا ہے ۔کانفرنس رپورٹ کہلائی جانے والی اس دستاویز میں پاکستان سے متعلق 19 حوالے دیئے گئے ہیں اور یہ رپورٹ امریکی کانگریس کے چیمبرز کا مشترکہ ورژن ہے ۔ذرائع ابلاغ میں یہ کہا جارہا ہے کہ امریکی انتظامیہ 2019 کیلئے پاکستان کی 35 کروڑ ڈالر کی امداد برقرار رکھے گی۔