امریکی حملے میں ’داعش‘ کا کیمیائی اسلحہ ساز ہلاک

واشنگٹن۔ 31جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی سنٹرل کمانڈ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ عراق کے شمالی شہر موصل میں گذشتہ ہفتے ایک فضائی حملے کے نتیجے میں دولت اسلامی ’’داعش ‘‘ کا کیمیائی اسلحہ ساز ابو مالک ہلاک ہو گیا ہے۔امریکی سنٹرل کمانڈ کے ایک بیان کے مطابق: ’’ابو مالک کو موصل میں 24 جنوری کو ایک فضائی حملے میں ہلاک کیا گیا‘‘۔ ابو مالک کوعراق کے مصلوب صدر صدام حسین کے دور حکومت کیمیائی ہتھیاروں کا ماہر تھا اور اس نے سابق صدر کو کیمیائی اسلحہ کی تیاری میں معاونت فراہم کی تھی۔ 2005ء میں وہ القاعدہ میں شامل ہوا۔ کچھ ہی عرصہ قبل اس نے داعش میںشمولیت اختیار کی تھی۔ واشنگٹن سے موصولہ اطلاع کے بموجب ذرائع ابلاغ کے ایک نمائندہ نے بتایا ہے کہ امریکی حکام کی جانب سے ابو مالک کا اصل نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ وہ پندرہ سال تک صدام حکومت کے ساتھ وابستہ رہا اور المثیٰ کیمیکل اکیڈیمی میں کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری میںمصروف رہا۔امریکی حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ ابو مالک کی ہلاکت سے داعش کو کیمیائی اور مہلک ہتھیاروں کی تیاری میں مشکل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کے نتیجے میں داعش کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کی اموت میں بھی کمی آئے گی۔