نشیلی اشیاء کیلئے قیدی ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے، خفیہ کیمروں سے انکشاف
نیویارک ۔ 5 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست اوہائیو کے جیل حکام اپنے قید خانوں کے اوپر پہلے بھی کئی ڈرونس کو پرواز کرتے دیکھ چکے ہیں لیکن اس قید خانہ پر ڈرون کی پرواز کا تازہ ترین واقعہ منشیات کی اسمگلنگ اور تجارت کے انتہائی خطرناک ریاکٹس سے تعلق رکھتا ہے۔ اوہائیو جیل پر پرواز کرنے والے ایک ڈرون کے ذریعہ منشیات کے پیاکٹس برسائے گئے جن پر جھپٹ پڑنے والے قیدیوں میں بھیانک تصادم ہوگیا اور انہیں منتشر کرنے کیلئے جیل حکام کو ’پیپر اسپرے‘ کا استعمال کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق اوہائیو کے مینس فیلڈ اصلاحی مرکز میں گزشتہ ہفتہ یہ واقعہ پیش آیا جہاں 75 قیدی منشیات کے پیاکٹس پر جھپٹ پڑے اور انہیں چھیننے کی کوشش میں ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے۔ خفیہ کیمروں سے حاصل ٹیپس کے تجزیہ سے پتہ چلا کہ ڈرون کے ذریعہ یہ پیاکٹس برسائے گئے، جن میں 144.5 گرام تمباکو ، 65.4 گرام گانجہ اور 6.6 گرام ہیروئن موجود تھی۔ ان پیاکٹس کے حصول کیلئے قیدیوں کے درمیان زبردست جھڑپ ہوگئی۔ صورتحال پر قابو پانے کیلئے جیل حکام کو ’پیپر اسپرے‘ کا استعمال کرنا پڑا۔ بعد ازاں تمام قیدیوں کے کپڑے اتارکر مکمل تلاشی لی گئی اور منشیات ضبط کرنے کے بعد کوٹھریوں کو منتقل کردیا گیا۔