واشنگٹن۔21 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں ایک جھیل میں ڈوب کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد سترہ بتائی گئی ہے۔ ان 17 میں سے 9 کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔یہ افراد ریاست میسوری کے شہربرانسن کے نواح میں واقع جھیل ٹیبل راک میں کشتی کی سیر پر تھے کہ انہیں اچانک اونچی لہروں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے میں بچ جانے والی خاتون ٹیا کولمین نے بتایا کہ اُس کے مختلف گیارہ رشتہ دار پکنک کیلئے آئے ہوئے تھے اور اُن میں سے نو ڈوب گئے۔ ہلاک شدگان میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی پر لائف جیکٹس بھی موجود نہیں تھیں۔
ویتنام میں بارش اور سیلاب ، دس ہلاک
ہنوئی ۔21 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ویتنام کے وسطی اور شمالی علاقے شدید سیلاب کی وجہ سے متاثر ہوئے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے یہاں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ جنوب مشرقی ایشیائی ملک موسم باراں کے طوفان اور سیلاب سے اکثر متاثر ہوتا رہتا ہے جس کی وجہ سے ہر سال سینکڑوں افراد لقمۂ اجل بن جاتے ہیں۔ گزشتہ چند دنوں سے جاری بارش اور سیلاب میں اب تک دس افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔