نیویارک ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عوامی مقامات چاہے وہ سنیما ہالس ہوں، شاپنگ مالس ہوں، پارکس ہوں یا پھر بینکس ۔ عوام کیلئے اپنی ’’فطری ضرورت‘‘ کی تکمیل کیلئے لیڈیز اور جینٹس ٹائلٹس کا انتظام رہتا ہے لیکن نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایرپورٹ پر اب کتوں کیلئے بھی علحدہ ٹائلٹ قائم کیا گیا ہے۔ سمبا نامی ایک کتے کی مالکہ ہیڈی لیڈل نے کہا کہ مردوں اور خواتین کے ٹائلٹس کے درمیان ایک اور ٹائلٹ کا اضافہ کیا گیا ہے جس پر کتوں کے ’’پنجہ‘‘ کے نشان بنے ہوئے ہیں تاکہ شناخت میں آسانی رہے۔ ٹائلٹ کے اندر ایک ڈسپنسر اور ایک پلاسٹک کی تھیلی بھی فراہم کی گئی ہے اور ساتھ ہی ساتھ ایک پانی کا پائپ بھی ہے جس کے ذریعہ ضرورت کی تکمیل کے بعد کتے کا مالک ؍ مالکہ اس مقام کو صاف کردے تاکہ دوسرا کتا اس صاف ستھرے مقام کو استعمال کرسکے۔ کبھی کبھی کتوں کی ’’فطری ضرورت‘‘ کی تکمیل نہیں ہو پائی اور ان کے مالک اور مالکہ سمجھ جاتے ہیں کہ کتا بے چین کیوں ہے لہٰذا قبل ازیں کوئی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے انہیں ایرپورٹ کی عمارت سے باہر جانا پڑتا تھا اور دوبارہ اندر آنے کیلئے تکلیف دہ سیکوریٹی چیک اپ سے دوسری بار گذرنا پڑتا تھا۔ جان ایف کینیڈی ایرپورٹ ٹرمنل کی نگرانی کرنے والی مینجمنٹ کمپنی کی نائب صدر سوسانہ کونہا نے کہا کہ ہم نے اس بات کو نوٹ کیا کہ اپنے پالتو جانوروں کے ساتھ (اکثریت کتوں کی) سفر کرنے والے مسافرین کی تعداد بڑھ رہی ہے لہٰذا ہم نے فیصلہ کرلیا کہ کتوں کیلئے بھی علحدہ ٹائلٹ فراہم کیا جائے۔