امریکی امدادی ورکر کا سرقلمکردیا گیا

بیروت۔16نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دولت اسلامیہ کے جہادی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شام میں مغویہ امریکی امدادی ورکر پیٹرکاسک کا سرقلم کردیا ہے ۔ امریکہ کو وارننگ دی گئی ہے کہ جہادی گروپ کو کمزور نہ سمجھے ۔ اسی ویڈیو میں ایک ہولناک تصویر بتائی گئی ہے جس میں کم از کم 18افراد کا بیک وقت قتل کیا جارہا ہے ۔ یہ تمام شام کے فوجی سپاہی بتائے گئے ہیں ۔ دولت اسلامیہ کی جانب سے انجام دیئے جانے والے قتل و غارت گری کے واقعات میںیہ تازہ واقعات ہیں ۔ مقتول امریکی ورکر کا نام پیٹرایڈورک کاسک تھا ۔ قتل کے بعد ویڈیو پر بیان دیتے ہوئے ایک سیاہ لباس میں ملبوس دہشت گرد نے کہا کہ ’’اے امریکیو یہ تمہارے ملک کا شہری تھا ‘ ہم ہر ایک امریکی کا یہی حشر کریں گے ‘‘ ۔

اسی شخص نے قبل ازیں بتائے گئے ویڈیو میں دو امریکی صحافیوں اور دو برطانوی امدادی ورکرس کا قتل کیا تھا ۔ تن سے جدا ہوکر نیچے پڑے ہوئے سر کے قریب اس شخص نے کہا کہ امریکہ کے سابق سپاہی کا ہم نے کام تمام کردیا ہے ‘یہ اپنی زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھا ۔ یہ ورکر شام کی خانہ جنگی سے متاثرہ افراد کیلئے طبی امداد فراہم کرتا تھا اور انہیں نئی زندگی دینے کی کوشش کرتا تھا ۔ داعش کے دہشت گرد نے بتایا کہ دبیق میں پہلے امریکی کافر کو دفنایا جائے گا اور ہم دیگر امریکیوں کا بھی یہی حشر کریں گے ۔ دبیق اُس مقام کا نام ہے جہاں 16ویں صدی کی سب سے بڑی جنگ لڑی گئی تھی اور اسے اب شمالی شام کی حیثیت سے جانا جاتاہے ۔ جہاں خلافت عثمانیہ کو شکست ہوئی تھی ‘ اس علاقہ پر داعش گروپ کا قبضہ ہے ۔