واشنگٹن ، 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ایک گرانڈ جیوری نے چینی فوج کے پانچ افسروں پر امریکی اداروں کی سائبر جاسوسی کے الزام میں باقاعدہ فرد جرم عائد کردی ہے۔ان چینی فوجی عہدیداروں نے امریکی کمپنیوں کی ویب سائٹس کی ہیکنگ کرکے ایک نیوکلیئر پلانٹ کے ڈیزائن، سولر مینوفیکچرنگ اور دیگر خفیہ معلومات تک رسائی کی کوشش کی تھی۔ چینی حکومت نے ان الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اس طرح دونوں ملکوں کے مابین اعتماد کو نقصان پہنچے گا۔ چینی وزارت خارجہ نے ایک چینی امریکی انٹرنیٹ ورکنگ گروپ کی مشترکہ کارروائی معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
چینی صوبہ ینان میں شدید دھند ، ٹریفک کانظام مفلوج
بیجنگ، 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چین کے صوبہ ینان میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کانظام مفلوج ہوکر رہ گیا ہے اور لوگوں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ ینان کے کئی حصے کل رات سے گہری دھند کی لپیٹ میں ہیں اورحد نگاہ 200 میٹر سے بھی کم رہ گئی ہے جس کے باعث کئی ہائی ویز عارضی طور پر بند کردی گئی ہیں ،سڑکوں پر ٹریفک بھی بہت سست روی سے چل رہی ہے جبکہ 87 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں سے دھند آج چھٹنے کا امکان ہے۔