رقہ، 26 ستمبر (سیاست ڈٹ کام) امریکی اتحادی افواج کو امید ہیکہ شام کے رقہ شہر سے دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (آئی ایس) کو ایک ماہ کے اندر باہر کردیا جائیگا۔ ایک کرد کمانڈر نے کل کہا کہ سیرین ڈیموکریٹک فورسیز (ایس ڈی ایف) کی قیادت میں رقہ کے شمالی علاقے کے کئی اضلاع سے دہشت گردوں کو باہر کردیاجائے گا۔رقہ میں دہشت گردوں کیخلاف جاری مہم کے ایک ترجمان زہان شیخ احمد نے کہا ہیکہ آنے والے دنوں میں آئی ایس کیخلاف لڑائی کو مزید تیز کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہیکہ ایک ماہ سے بھی کم وقفے میں دہشت گردوں کو رقہ سے آزاد کرالیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ فوج نے گزشتہ ہفتہ ہی رقہ کے 80 فیصد علاقے پر قبضہ کرلیا تھا اور لڑائی اب آخری مرحلے میں ہے ۔