واشنگٹن ۔23 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وائیٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں واضح طورپر کہا گیا ہے کہ شام میں اسلامک اسٹیٹ کے عسکریت پسندوں کی کارروائی میں اگر امریکہ کو ذرہ برابر بھی آنچ آتی ہے تو امریکہ فوجی کاروائی پر بھی غوروخوض کرسکتا ہے ۔ پنٹگان نے اسلامک اسٹیٹ سے درپیش خطرہ کی بو سونگھ لی ہے اور اس بات پر زور دینا شروع کردیا ہے کہ شام میں اسلامک اسٹیٹ کے خلاف امریکی فوجی کارروائی اب ضروری ہوتی جارہی ہے جبکہ عراق میں فضائی حملوں کے بعد سنی عسکریت پسندوں کی پیشرفت سست رفتار ہوگئی ہے ۔ دریں اثناء قومی سلامتی کے نائب مشیر بین روہڈس نے کہا کہ اگر ہم نے یہ محسوس کرلیا کہ امریکہ یا امریکی شہریوں کو خطرہ ہے تو ہم اُس خطرہ کو کچلنے کیلئے کوئی بھی کارروائی کرنے پوری طرح تیار ہیں۔ انھوں نے کہاکہ یہ بات انھوں نے کئی بار کہی ہے کہ اگر امریکیوں کا عرصۂ حیات تنگ کیا گیا تو ایسا کرنے والالوں کا عرصۂ حیات امریکہ تنگ کردے گا چاہے وہ دُنیا کے کسی بھی گوشہ میں ہوں ۔