امریکہ: 15 سالہ لڑکی نے ماں اور بہن کو قتل کردیا

واشنگٹن ۔25 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی پولیس نے چند روز قبل ریاست الاسکا میں ایک لڑکی کے ہاتھوں اس کی ماں اور بہن کے قتل کے خطرناک اسکینڈل کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بیٹی کے چاقو کے وار سے شدید زخمی ماں نے پولیس کو ایمرجنسی ہیلپ نمبر911 پر جب اطلاع دی تو اس کی آخری سانسیں چل رہی تھیں۔ ’العربیہ‘ کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ چہارشنبہ کو الاسکا میں پیش آیا تھا جب ایک پندرہ سالہ لڑکی نے اپنے والدہ44 سالہ روزا مینٹا مالڈوناڈو اور اپنی ہمشیرہ روزالی مالڈوناڈو کو البیون کے مقام پر گھر میں چاقو کے وار سے قتل کردیا تھا۔امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ جب انہیں 911 پر ایک خاتون کے چیخنے اور چلانے کی آواز سنی تو وہ انتہائی مشکل سے بات کررہی تھی۔ وہ چلا رہی تھی مگرتکلیف کی شدت سے اس سے بولا نہیں جا رہا تھا۔ اس کی سانسیں اُکھڑ چکی تھیں۔ پولیس ابھی تک یہ معلوم نہیں کرسکی آیا اس مجرمانہ واردات کا اصل سبب کیا ہے تاہم تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جس گھر میں بیٹی کے ہاتھوں ماں اور بہن کو قتل کیا گیا اس میں ایک خانگی تنازع کے حل کے لیے پہلے بھی ایک بار پولیس کو مداخلت کرنا پڑی تھی۔