ٹرمپ نظم و نسق ہندوستان کے حق میں معاون ثابت ہوگا
نئی دہلی ۔29 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے ساتھ عظیم تر معاشی تعاون کی مساعی پر زور دیتے ہوئے وزیر کامرس نرملا سیتارام نے کہا کہ ہندوستان امریکہ کے نئے نظم و نسق کے ساتھ بہت جلد معاشی تعاون کی مساعی کرے اور اس موقع سے استفادہ کرنے کی کوشش کرے گا ۔ ٹرمپ انتظامیہ سے ملکرتمام دیرینہ مسائل کی یکسوئی پر زور دیا جائے گا ۔ دیسی صنعتوں سے متعلق پائے جانے والی تشویش کو بھی دور کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ سیتارامن نے کہاکہ میں جتنا جلد ہوسکے ہمارے عہدیداروں کو امریکہ کی نئی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کیلئے روانہ کروں گی اور یہ مذاکرات ہندوستان کے حق میں بہتر ہونے کی توقع کی جاتی ہے ۔ امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ 20 جنوری کو اپنے عہدہ کا جائزہ لیں گے ۔ امریکہ میں ویزا فیس میں اضافہ کے بشمول کئی دیگر مسائل سے بھی ٹرمپ نظم و نسق کو واقف کروایا جائے گا ۔