واشنگٹن۔30 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام)امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ غیرملکی فضائی کمپنیوں کو اس بات کی اجازت دیدے گا کہ وہ امریکہ کے بنائے ہوئے طیاروں کو ایران لے جائیں۔ یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایران اقتصادی پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد تجاری روابط کو دوبارہ قائم کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔امریکی وزارت خزانہ کے زیرانتظام غیرملکی اثاثوں کی نگرانی کے دفتر کی جانب سے ایک لائسنس جاری کیا گیا ہے جس کے تحت امریکہ کے تیار کردہ طیاروں کو ایران میں ’’عارضی قیام‘‘ کی اجازت ہوگی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ لفتھینزا ، ترک فضائی کمپنی یا دیگر فضائی کمپنیاں جو باقاعدگی سے ایران جاتی ہیں وہ اس روٹ پر امریکہ کے تیار کردہ طیاروں یا امریکی فاضل پرزہ جات استعمال کرنے والے طیاروں کو استعمال کرسکیں گی۔ایران اور مغرب کے درمیان دستخط کیا جانے والا نیوکلیئر معاہدہ ، امریکی کمپنیوں کو ایران کو شہری طیاروں کی فروخت کی اجازت دیتا ہے۔ تاہم بوئنگ کمپنی اور ایران کے درمیان مجوزہ ڈیل نے امریکی کانگریس کے ارکان کو چراغ پا کردیا جو اس کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جمعے کے روز جاری ہونے والی اجازت کا مجوزہ بوئنگ ڈیل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔