امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقہ میں آتشزدگی ، 20 مکان تباہ

سان فرانسسکو ۔ یکم ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آتش فرو عہدیداروں نے کہا کہ شمالی کیلیفورنیا کے قصبہ آرن ولے میں بھڑک اٹھنے والی آگ سے کم از کم 20 مکان جل کر خاکستر ہوگئے۔ کیلیفورنیا کے محکمہ جنگلات اور تحفظ آتشزنی عملہ کے بموجب آگ ساکرا منٹو کے شمال میں تقریباً 70 میل طویل اور تقریباً 15 مربع کیلو میٹر رقبہ پر محیط ہے، اس سے 500 مکان خطرہ میں پڑ گئے ہیں۔ آتش فرو عملہ رات بھر کی جدوجہد کے بعد 30 فیصد آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہیکہ آگ گہرائی میں بھڑک رہی ہے۔ پہاڑی سلسلہ، خشک موسم اور سخت گرمی کی وجہ سے ترسیل کی کوششوں میں مشکل پیش آرہی ہے۔ جنگل میں بھڑک اٹھنے والی آگ مغربی امریکہ میں اکثر بھڑک اٹھنے والی جنگل کی آگ میں سے ایک ہے جو کیلیفورنیا کے مضافاتی علاقوں میں بھڑکتی رہتی ہے۔ قریبی قصبوں سے خطرہ کے پیش نظر عوام کا تخلیہ کروادیا گیا ہے مزید آتش فرو عملہ پہلے ہی سے تعینات 1600 افراد میں شامل کیا جارہا ہے۔