نیویارک ۔ 19ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک مشتبہ بیاگ جس میں پانچ ترقی یافتہ دھماکو آلات تھے ‘نیوجرسی کے الزبتھ ٹرین اسٹیشن کے پاس ایک کوڑے دان سے دستیاب ہوا ۔ ان میں سے ایک آلہ اُس وقت دھماکہ سے پھٹ پڑا جب کہ پولیس کا روبوٹ اس کا معائنہ کررہا تھا ۔ ایک دن قبل طاقتور بم دھماکہ سے نیویارک کے بالائی علاقہ میں 39افراد زخمی ہوگئے تھے ۔ دریں اثناء ایک آلہ جس کو ناکارہ بنایا جارہا تھا دھماکہ سے پھٹ پڑا ‘تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا ۔ نفاذ قانون محکمہ کا عملہ جو مقام واردات پر ثبوت جمع کررہا تھا کہا کہ مقامی اور مرکزی عہدیدار قریب میں ہی ایک اور مشتبہ چیز کے بارے میں تحقیقات کررہے ہیں ۔ سی این این کی اطلاع کے بموجب دو افراد نے کوڑے دان میں یہ بیاگ دیکھا تھا اور پولیس کو اطلاع دی تھی کہ کوڑے دان میں تار اور پائپ موجود ہیں ۔ نیوجرسی کا علاقہ الزبتھ کے میئر کریس بالویج نے کہا کہ انہیں علاقہ کے عوام کے بارے میں سخت فکرمندی ہے ۔