امریکہ کی ایمیگریشن پالیسی کے عارضی ہونے کا یقین : انٹونیو گوٹیرس

اقوام متحدہ ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے آج توقع ظاہر کی کہ نئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا اپنی امیگریشن پالیسی کے تحت سات مسلم ممالک کے شہریوں پر امریکہ آنے پر امتناع عائد کرنے کا فیصلہ عارضی ہوگا اور امریکہ جس طرح روایتی طور پر پناہ گزینوں کا محافظ بنا رہا ہے وہ آئندہ بھی اپنا یہی رول ادا کرتا رہے گا۔ عدیس ابابا میں افریقی یونین اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گوٹیرس نے کہا کہ اس وقت انسانی نقطۂ نظر سے پناہ گزینوں کا تحفظ ہر ملک کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ اگر امریکہ نے نئے حکمنامہ کے ذریعہ پناہ گزینوں کی امریکہ آمد پر پابندی لگائی ہے تو انہیں (گوٹیرس) یقین ہے کہ یہ فیصلہ عارضی نوعیت کا ہوگا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ گوٹیرس نے قبل ازیں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کے طور پر بھی دس سال تک خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ پناہ گزینوں کا تحفظ امریکہ کا طرہ امتیاز اور صحت مند روایت رہی ہے اور انہیں توقع ہے کہ امریکہ کا یہ فیصلہ عارضی نوعیت کا ہوگا اور پناہ گزینوں کے تحفظ کا کام امریکہ بدستور انجام دیتا رہے گا بلکہ اسے اپنے ایجنڈہ میں سب سے اوپر جگہ دے گا۔