امریکہ کی افغان طالبان اور حقانی نیٹ ورک سے منسلک 6 افراد پر پابندی

واشنگٹن ۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ نے پاکستان سے شدت پسندوں کے خلاف مزید کارروائیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے افغان طالبان اور حقانی نیٹ سے منسلک 6افراد پر پابندیاں عائد کر دی ہے۔امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ان 6 میں سے پانچ افراد طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے لئے رقم اور سازو سامان اکٹھا کرتے اور کارروائیوں میں مدد فراہم کرتے تھے جبکہ چھٹا شخص طالبان کے عسکری امور کا سینیئر اہلکار ہے۔ان پابندیوں کے بعد امریکہ میں کوئی فرد یا کمپنی ان کے ساتھ کاروبار نہیں کر سکتا۔خبررساں ادارہ کے مطابق ان میں سے دو افراد پاکستانی جبکہ پاکستان میں مقیم چار افغان شہری ہیں۔خبررساں ادارہ کے مطابق قائم مقام ڈپٹی سیکریٹری خزانہ سگل منڈیلکر نے کہا کہ ’ہم طالبان یا حقانی نیٹ ورک سے متعلقہ 6 افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں جو اتحادی افواج پر حملوں، افراد کی سمگلنگ یا ان دہشت گرد گروہوں کو مالی مدد فراہم کرنے سے منسلک رہے ہیں۔