واشنگٹن ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ہندوستان کے ساتھ ممکنہ مشترکہ ملٹری سسٹم کے بارے میں تبصرہ سے گریز کیا ہے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ معاہدہ کے حصہ کے طور پر دہشت گردوں اور مجرمین کے نیٹ ورکس بشمول ڈی کمپنی کیلئے محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کردینے کیلئے اتفاق رائے ہوا ہے۔ صدر براک اوباما اور وزیراعظم نریندر مودی نے اس ہفتے آپس میں عہد کیا کہ مشترکہ اور ٹھوس کوششیں کرتے ہوئے القاعدہ، لشکرطیبہ، جیش محمد، حقانی نیٹ ورک اور ڈی کمپنی جو مبینہ طور پر پاکستان میں سرکاری سرپرستی کے تحت مقیم داؤد ابراہیم کے نیٹ ورک کا حوالہ ہے، ان تمام کو دستیاب مکمل اقتصادی اور فنی تائید و حمایت کو ختم کردیں گے۔ نائب وزیر برائے جنوب اور وسطی ایشیا نشا دیسائی بسوال نے عراق اور شام کے کئی حصوں پر قبضہ کرلینے والے گروپ کے حوالہ سے کہا کہ اس قسم کی تفصیلات میں وہ نہیں جائیں گی لیکن وہ یقینی طور پر مختلف کارروائیوں کے تعلق سے سوچ رہے ہیں۔