امریکہ میں 6 ہندوستانیوں کے بشمول کئی غیرملکی گرفتار

نیویارک ۔ یکم ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی مختلف ریاستوں میں کی گئی کارروائیوں میں 6 ہندوستانی شہریوں کے بشمول دیگر غیرملکی افراد گرفتار کئے گئے ہیں ۔ ان پر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور امریکہ کے ایمگریشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات ہیں ۔ گزشتہ ایک ماہ سے امریکہ کی 6 ریاستوں میں امریکی حکام نے تلاشی مہم شروع کی تھی ۔ امریکی ایمگریشن اینڈ کسٹمس انفورسمنٹ کے ساتھ مل کر فیڈرل آفیسرس نے 364 افراد کو گرفتار کیا ہے جن کا مجرمانہ ریکارڈ ہے اور ان میں سے بعض نے ایمگریشن قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ۔ امریکی ریاست انڈیانا ، النیوس ، کنساس ، کن ٹکی ، مسوری اور وسکنس میں 30 دن سے جاری تلاشی مہم میں یہ گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ۔ جن لوگوں کو گرفتار کیا گیا ان کا تعلق 25 ملکوں سے ہے ان میں 6 ہندوستان اور دیگر شہریوں کا کولمبیا ، زیک جمہوریہ ، ایکوڈور ، جرمنی ، گوتمالا ، ہونڈوس ، میکسکو ، سعودی عرب اور یوکرین سے تعلق ہے ۔ گرفتار 364 کے منجملہ 187 پر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے ۔ انھیں سزاء بھی ہوسکتی ہے ۔