امریکہ میں 15 چینیوں پر امتحانی دھوکہ دہی کا الزام

واشنگٹن ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے محکمہ انصاف نے 15 چینی شہریوں پر یونیورسٹیوں میں داخلے کے امتحانات میں جعلسازی اور دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا ہے۔استغاثہ کے مطابق ان ملزمان نے اصل طلبہ کی جگہ امتحانات دینے کے لئے جعلی پاسپورٹ استعمال کئے۔ان افراد پر الزام ہے کہ انھوں نے 2011 سے 2015 تک مغربی پینسلوانیا میں یہ دھوکہ دہی کی۔ان ملزمان میں مرد اور خواتین دونوں شامل ہیں اور ان کی عمریں 19 سے 26 سال کے درمیان ہیں اور جرم ثابت ہونے پر انھیں 20 برس قید تک کی سزا ہو سکتی ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ افراد ریاست ورجینیا میں رہائش پذیر ہیں جہاں مشہور امریکی یونیورسٹیاں واقع ہیں۔محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اصل طلبہ کی جگہ امریکی یونیورسٹیوں میں داخلے کے سب سے اہم امتحان کے علاوہ ٹسٹ آف انگلش ایز اے فارن لینگویج (ٹوفل) اور گریجویٹ ریکارڈ ایگزامینیشن کے امتحانات بھی دیے۔پینسلوانیا کے اٹارنی ڈیوڈ ہٹن نے کہاکہ ’اس دھوکہ دہی سے جن لوگوں کو فائدہ پہنچتا تھا انھیں امریکہ کے نامی گرامی کالجوں میں داخلہ مل جاتا تھا۔‘ساتھ ہی استغاثہ نے یہ بھی الزام لگایا پہ کہ ملزمان تعلیمی ویزوں کے سلسلے میں بھی فرضی چینی پاسپورٹوں کی مدد سے دھوکہ دہی کر رہے تھے۔