نئی دہلی۔/17فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) واشنگٹن میں ایک ہندومندر پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس نے آج امریکہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دوسرے ممالک میں اس طرح کے واقعات پیش آنے پر امریکی حکومکت کو تبصرہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے اگر وہ اپنے ملک میں مقیم دیگر فرقوں کے تحفظ میں ناکام ہوجائے ۔ کانگریس ترجمان بی سی چاکو نے کہا کہ مذکورہ واقعہ بالکلیہ ناقابل توقع ہے۔ امریکی سماج کا ہمیشہ یہ دعویٰ رہتا ہے کہ ان کے یہاں کثرت میں وحدت اور تکثیریت پائی جاتی ہے لیکن ایک ہندو مندر پر حملہ کے سبب یہ دعویٰ کھوکھلا ثابت ہوا۔ مسٹر چاکو نے کہا کہ اگر امریکی حکومت، دیگر برادریوں بالخصوص ہندوستانی برادری کا تحفظ نہیں کرسکتی تو دیگر ممالک میں اس طرح کے واقعات پیش آنے پر تبصرہ کرنے کا بھی حق نہیں رکھتی۔شیوراتری سے عین قبل واشنگٹن میں ایک مندر پر حملہ کرکے اس کی دیوار پر نفرت انگیز نعرے تحریر کرتے ہوئے سواستک نشان پر رنگ لگادیا گیا جس کے باعث امریکہ میں ہندو برادری صدمہ سے دوچار ہوگئی جبکہ مندر کی ایک دیوار پر نامعلوم شرپسندوں نے ’گیٹ آؤٹ‘ ( یہاں چلے جاؤ ) تحریر کیا ہے۔