پارلیمنٹ میں ارکان کا اظہار تشویش، امریکی صدر سے رابطہ قائم کرنے وزیراعظم کا مشورہ
نئی دہلی ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں ہندوستانیوں کی ہلاکتوں کے بڑھتے واقعات پر اظہارتشویش کرتے ہوئے آج پارلیمنٹ میں ارکان نے کہا کہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ سے وزیراعظم نریندر مودی کو بات چیت کرنا چاہئے۔ کل رات امریکہ میں ایک اور ہندوستانی خاتون اور اس کے 7 سالہ بیٹے کا بیدردی سے قتل کیا گیا۔ یہ خاتون آندھراپردیش سے تعلق رکھتی ہے۔ پارلیمنٹ میں تمام ارکان نے امریکہ میں ہندوستانیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے نفرت پر مبنی جرائم کا سخت نوٹ لیا۔ راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے کانگریس رکن پی سبی رام ریڈی نے کہا کہ کل رات ایک سافٹ ویر انجینئر کی اہلیہ اور ان کے فرزند کا بہیمانہ قتل کیا گیا۔ سافٹ ویر انجینئر ہنمنت راؤ جب اپنی ڈیوٹی ختم کرکے گھر واپس ہوئے تو دیکھا کہ ان کی اہلیہ اور فرزند مردہ پائے گئے ہیں۔ یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور نہایت ہی خطرناک ہے۔ صرف دو ہفتوں کے دوران ہی دو ہندوستانیوں کا قتل کیا گیا اب اور مزید دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کو چاہئے کہ وہ اس معاملہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے صدر امریکہ کے سامنے مسئلہ اٹھائیں۔ راجیہ سبھا ڈپٹی چیرمین پی جے کورین نے بھی اس واقعہ پر صدمہ کا اظہار کیا اور کہا کہ اس معاملہ کو اعلیٰ سطح پر لیا جانا چاہئے۔ انہوں نے مملکتی وزیرخارجی امور مختار عباس نقوی سے کہا کہ وہ اس واقعہ سے وزیرخارجہ کو واقف کرائیں۔ لوک سبھا میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے لیڈر وائی وی سباریڈی نے بھی مسئلہ اٹھایا اور حکومت سے کہا کہ وہ امریکہ میں ہندوستانی کے تحفظ کیلئے مضبوط اور سخت موقف اختیار کریں۔ یہاں پر نسلی امتیاز کا کیس بڑھتا جارہا ہے۔ ایسے واقعات میں ڈونالڈ ٹرمپ کے صدر امریکہ بننے کے بعد سے اضافہ ہورہا ہے۔ اب وقت آ گیا ہیکہ امریکہ کے سامنے پوری شدت کے ساتھ ان مسائل کو پیش کیا جائے اور اعلیٰ سطح پر نمائندگی کی جائے۔ اطلاعات میں بتایا گیا ہیکہ 40 سالہ خاتون این ششی کلا جو خود بھی سافٹ ویر انجینئر تھیں اور ان کے فرزند 7 انیش سائی اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے۔ان کے شوہر این ہنمنتا راؤ نیوجرسی میں جمعرات کی شام کام سے گھر واپس ہونے کے بعد دیکھا کہ ان کی اہلیہ اور بیٹے کا قتل کیا گیا ہے۔ یہ جوڑا گذشتہ 9 سال سے امریکہ میں مقیم ہے۔ واضح رہیکہ اس سے قبل بھی ہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار ہندوستانی انجینئرس کا قتل کیا گیا تھا۔