واشنگٹن ۔ 21 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : امریکہ سے جاری کئے گئے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق بزنس یا وزیٹرس ویزا پر امریکہ کا سفر کرنے والے کم و بیش 8.8 لاکھ ہندوستانیوں کے منجملہ 14000 ہندوستانی ایسے ہیں جنہوں نے ویزا کی میعاد ختم ہوجانے کے بعد بھی امریکہ میں قیام کیا جب کہ 2014 کے جو اعداد و شمار جاری کئے گئے ہیں اس کے مطابق B1-B2 ویزوں کے حامل جن 7.6 ہندوستانیوں کو میعاد کی تکمیل کے بعد ملک چھوڑ دینا چاہئے تھا ان میں سے 11,653 ہندوستانی امریکہ میں ہی رہ گئے ۔ دی ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکوریٹی (DHS) نے یہ بات بتائی ۔ مقررہ میعاد سے زائد قیام کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ایسے ہندوستانی شہری جو قانونی طور پر ویزوں کے ساتھ امریکہ میں داخل ہوئے تاہم ان کے ویزوں کی مقررہ تاریخ گزر جانے کے باوجود بھی اگر امریکہ میں ہی قیام جاری رکھیں تو اس قیام کو غیر قانونی قرار دیا جاتا ہے ۔ ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکوریٹی کی جانب سے انٹری / اگزٹ اووراسٹے رپورٹ برائے 2015 جاری کی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق 45 ملین وزیٹرس امریکہ میں بحری اور فضائی راستوں سے قانونی طور پر داخل ہوئے تاہم ان میں سے 527,127 وزیٹرس نے ویزوں کی میعاد ختم ہونے کے بعد بھی امریکہ میں غیر قانونی طور پر قیام کیا۔