حیدرآباد، 26فروری (سیاست ڈاٹ کام )مرکزی مملکتی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے کہا ہے کہ امریکہ میں نسل پرستی پر مبنی حملہ میں تلگو طالب علم کی ہلاکت ناقابل برداشت ہے ۔ امریکی حکومت کو چاہئے کہ وہ ایسے حملوں کو روکے ۔ نفرت پر مبنی حملوں کے مسئلہ پر مرکزی حکومت امریکی حکومت سے بات کرے گی اور وہ اس مسئلہ کو وزیر خارجہ سشماسوراج کے علم میں لائیں گے ۔ انہوں نے حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ای ایس آئی اسپتالوں کو عصری بنایا جائے گا ۔ صنعت نگر کے ای ایس آئی اسپتال میں 80 کروڑ روپئے سے اعلی طبی آلات کی خریداری کی گئی ۔ 17 نئے علاقوں میں ای ایس آئی ڈسپنسریز قائم کی جائیں گی ۔ ریاستی حکومت کے اراضی دینے سے اتفاق پر فوری ای ایس آئی اسپتال قائم کئے جائیں گے ۔ پٹن چیرو علاقے میں ای ایس آئی اسپتال کو 50 بستروں والے اسپتال میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے ۔ اسپتالوں اور ڈسپنسریز کے قیام کیلئے اضلاع میں سروے کیا جائے گا۔ ملک بھر میں 383 ‘ ریاست میں 17 ڈسپنسریز قائم کی جائیں گی ۔