امریکہ میں مسلمانوں پر حملے کی سازش کے 4 ملزمین گرفتار

نیویارک23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قانون نافذ کرنے والے امریکی ذمہ داران نے نیویارک میں ڈیلاویئر کاؤنٹی کے اسلام برگ علاقے میں مسلم آبادی پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے جن میں ایک سولہ سالہ طالب علم بھی شامل ہے ۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق ایک اسکول میں وقفے کے دوران گفتگو سن لینے والے ایک طالب علم نے پولس کو باخبر کردیا تھا۔ پولس نے بروقت کارروائی کی اور گرفتاریاں عمل میں آگئیں۔گرفتار شدگان میں 20سالہ برائن، 18سالہ اینڈریوکریسل اور 19 سالہ ونسینٹ ویٹرومائل کے علاوہ ایک 16 برس کا طالب علم بھی شامل ہے ۔ ان لوگوں کونیویارک کے گریس علاقے سے گرفتار کیا گیاہے ۔گرفتار شدگان زیادہ عمر والے تین ملزمین ماضی میں بوائے اسکاؤٹس کا حصہ رہ چکے ہیں۔ملزمان کی گرفتاری پر پولیس سربراہ پیٹرک فیلن نے اطلاع دینے والے لڑکے سمیت کارروائی میں ملوث تمام افراد کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ بچے نے وہی کیا جو اسے کرنا چاہیے تھا جس پر پولیس نے بروقت کارروائی کی اور نتیجتاً انسانی جانیں ممکنہ طور پر ضائع ہونے سے بچ گئیں۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق ملزمان گھریلو ساختہ بموں سے مسلم آبادی کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے ۔ 16 سالہ لڑکے کو کم سن ملزم قرار دیا گیا ہے اور اس کی تفصیلات عام نہیں کی گئیں۔گریس پولیس کے مطابق چاروں ملزمان کا تعلق نیویارک کے علاقے راچسٹر سے ہے جنہیں ہتھیار استعمال کرنے کی تین مجرمانہ دفعات اور ایک سازشی دفعہ کے تحت ملزم ٹھہرایا گیا ہے ۔ملزمان کی طرف سے قانونی دفاع کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔