امریکہ میں فائرنگ‘ بندوق بردار اور دیگر 3 افراد ہلاک

جونسبورو۔ 4؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ ایک بندوق بردار نے ایک امریکی قیام گاہ پر 6 افراد کو گولی ماردی جس میں ایک مرد اور ایک کمسن ہلاک ہوگئے اور دیگر 2 لڑکے شدید زخمی ہوگئے۔ ایک قریبی تجارتی ادارہ کے کارکن نے یہ مہلک فائرنگ کی۔ پولیس کے بموجب مشتبہ بندوق بردار بعد ازاں مُردہ دستیاب ہوا۔ وہ ایک کھڑی ہوئی کار کی ڈرائیور کی نشست پر تھا اور اس کے جسم پر گولی کا زخم تھا۔ جونسبورو پولیس کے سارجنٹ ڈوگ فورمون نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ حملہ آور نے خودکشی کی ہے یا اسے بھی قتل کیا گیا ہے؟

اس نے کہا کہ ایک مرد اور ایک 13 سالہ لڑکی ارکنساس کے ایک مکان میں کل دوپہر ہلاک کردیئے گئے جہاں ایک پارٹی یا خاندانی دعوت جاری تھی۔ دیگر 4 افراد زخمی ہوگئے جنھیں مختلف ہاسپٹلس میں شریک کردیا گیا۔ 8 اور 10 سال کے بچے مبینہ طور پر نازک حالت میں ہیں۔ پولیس کو مکان میں فائرنگ کے بارے میں ٹیلی فون پر ایک اطلاع موصول ہوئی تھی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقام واردات پر فورس روانہ کردی۔ یہ تجارتی ادارہ کے کارکن کی فائرنگ کا دوسرا واقعہ ہے جس میں حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا ہے۔

پولیس کو حملہ کا مقصد معلوم نہیں ہوسکا۔ تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس سارجنٹ نے مہلوکین یا مشتبہ افراد کی شناخت ظاہر کرنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کیا کہ عہدیدار یہ یقین کرلینا چاہتے ہیں کہ تمام ارکان خاندان کے نام معلوم کئے جاچکے ہیں، سارجنٹ نے کہا کہ وہ نہیں جانتا کہ مشتبہ حملہ آور اور مہلوکین کے درمیان رشتہ داری تھی یا نہیں؟ فورمون نے کہا کہ ایک کاشتکار یا اس راستہ سے گزرنے والے کسی موٹر نشین نے بعد ازاں ٹیلی فون پر اطلاع دی تھی کہ سڑک کے درمیان میں ایک کار کھڑی ہوئی ہے۔ پولیس کا ایک ملازم اطلاع پر فوری اس مقام پر پہنچا اور اسے اس کھڑی ہوئی کار میں مشتبہ حملہ آور کی نعش دستیاب ہوئی جس پر گولی کا زخم تھا، فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ حملہ آور نے فائرنگ کے ذریعہ دیگر افراد کو ہلاک اور زخمی کرنے کے بعد خودکشی کی ہے یا اسے بھی کسی شخص نے قتل کردیا ہے؟