امریکہ میں حصول تعلیم کے خواہاں طلبہ کے لیے مواقع

حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : یو ایس انڈیا ایجوکیشن فاونڈیشن
(USIEF)
نے امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں طلبہ کے لیے مواقع پیدا کئے ہیں ۔ اس سلسلہ میں حکومت امریکہ اور ہندوستان کی جانب سے یو ایس آئی ای ایف قائم کیا گیا ہے جو دو ممالک کے درمیان طلبہ اور اسکالرس کے تبادلہ کو فروغ دیتا ہے ۔ اس فاونڈیشن کی جانب سے آج رجسٹرڈ کم از کم 100 طلبہ کے لیے ایک پری ڈپارچر اورینٹیشن پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔ میڈیا کے نمائندوں کو اس پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے پیابہادر ریجنل آفیسر یو ایس آئی ای ایف آندھرا تلنگانہ و اڑیسہ اسٹیٹس ، مسز ایریل ویلس ، پبلک افیرس آفیسر ، امریکی قونصلیٹ حیدرآباد نے بتایا کہ امریکہ میں 3000 سے زائد یونیورسٹیاں اور کالجس ہیں جن کی ان کے پاس فہرست ہے ۔ مسز پیا بہادر نے بتایا کہ امریکہ تمام ممالک کے کوالیفائیڈ طلبہ کا امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے خیر مقدم کرتا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ ہندوستان کے ایک لاکھ سے زائد طلبہ امریکہ میں تعلیم حاصل کرتے ہیں ۔ اس پروگرام کے دوران USIEF آفیسرس کے ساتھ گروپ مباحثہ منعقد ہوئے ۔ پیابہادر نے کہا کہ یہ اورینٹیشن پروگرام ہندوستانی طلبہ کے لیے امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے اور وہاں کے کلچرل ایڈجسٹمنٹ کے لیے تیاری کرنے میں معاون ثابت ہوگا ۔ اس سے انہیں وہاں کی طرز زندگی سے واقف ہونے میں مدد حاصل ہوگی ۔۔