واشنگٹن۔ 19 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) شمال مشرقی امریکہ میں برف کا طوفان آیا ہے۔ حادثات میں اب تک 10 افراد ہلاک ہوئے۔ تمام پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ اموات بفلو علاقہ میں ہوئی ہیں۔ قومی موسمیات سرویس نے کہا ہیکہ امریکہ کے تمام 50 ریاستوں میں شدید برفباری کے باعث عام زندگی منجمد ہوگئی ہے اور آنے والے دنوں میں شدید طوفان کا خطرہ ہے۔ کاونٹی ترجمان پیٹر اینڈرسن نے کہا کہ برف کے طوفان سے مرنے والوں کی تعداد زیادہ ہوسکتی ہے۔ امریکی میڈیا نے نیو ہمسپائر اور مشیگن میں بھی اموات کی اطلاع دی ہے۔ نیویارک میں عام زندگی ٹھپ ہوگئی ہے۔ درجہ حرارت منفی درجہ سے نیچے پہنچ گیا ہے۔ گذشتہ 3 دن سے نیویارک میں شدید برفباری ہورہی ہے۔ شمال مشرقی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، امریکی شہر بفیلو اور مضافاتی علاقوں میں صبح سویرے شدید برفباری ہوئی ،جس کے باعث لوگ گاڑیوں اور گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔نیاگرا فالز کے قریب شہر کے جنوبی علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 4 سے 5فٹ برف پڑ چکی ہے۔ امریکی کی تمام 50 ریاستوں کو اس وقت شدید سرد موسم کا سامنا ہے ، شمالی فلوریڈا میں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ برفباری کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی متاثرہوا ہے۔مسافروں کو ائیرپورٹس پر گھنٹوں انتظار کرنا پڑا ،، برفباری سے کئی علاقوں میں بجلی بھی منقطع ہوگئی جبکہ متعدد کائونٹیز میں اسکولوں کو بند رکھا گیا ہے۔امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق برف باری کا سلسلہ مزید کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔