ڈاکٹر میر ممتاز علی کی کتاب کی طباعت ، نوجوان نسل کے لیے معاون
حیدرآباد ۔ 6 ۔ ستمبر : ( راست ) : مغربی دنیا بالخصوص ، امریکہ میں اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ موقعوں کی سرزمین کہلائے جانے والے اس ملک کو لاکھوں ہندوستانیوں نے پہلا اپنا وطن ثانی اور پھر وطن عزیز بھی بنالیا ۔ ان میں حیدرآباد کے مسلمانوں کی قابل لحاظ تعداد بھی شامل ہے جو امریکہ کے کئی شہروں میں سکونت اختیار کرنے کے باوجود اپنے دین اسلام پر سختی سے کار بند اور پابند ہیں ۔ تاہم شکاگو حیدرآبادی مسلمانوں کا پسندیدہ مقام سمجھاجاتا ہے ۔ جہاں 1972 میں ایک چھوٹے کمرہ میں صرف ایک مسجد تھی اور اب بحمدﷲ 700 مساجد ہوگئی ہیں ۔ اس طرح امریکہ میں مساجد کی مجموعی تعداد ہزاروں تک پہونچ گئی ۔ جہاں بپابندی نماز پنجگانہ کے علاوہ نماز جمعہ اور عیدین کی نمازیں بھی پورے خشوع خضوع کے ساتھ ادا کی جاتی ہیں۔ نماز جمعہ کے موقع پر دئیے جانے والے خطبات کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے ۔ خاتم النبین حضرت محمد مصطفی ﷺ کے زمانہ سے خطبات جمعہ کو غیر معمولی اہمیت رہی ہے اور یہ امت مسلمہ کے لیے ہفتہ وار درس کا مقام رکھتے ہیں ۔ تاہم امریکہ میں جمعہ کا خطبہ کوئی زبانی یا معمولی عمل نہیں ہوسکتا ۔ جہاں انگریزی کا چلن ہے چنانچہ عربی تو بہت دور اردو زبان بھی سمجھنا مشکل ہے ۔ ان حالات کو ملحوظ رکھتے ہوئے تاریخی شہر حیدرآباد کے ایک سپوت ڈاکٹر میر ممتاز علی نے جو پلمونری کنسلٹنٹ ہیں اور اپنی پیشہ وارانہ مصروفیات کے باوجود دینی شغف اور ملت کا درد رکھتے ہیں نئی نسل کے مسلمانوں کو اپنے دین سے مربوط رکھنے کے لیے عربی زبان کے خطبات جمعہ کے انگریزی ترجمہ کے ساتھ ایک جامع کتاب کو منظر عام پر لاتے ہوئے دین اسلام کی تبلیغ و ترویج کے ساتھ ایک بہت بڑی خدمت کی ہے ۔ ڈاکٹر میر ممتاز علی نے کئی سال قبل شمالی کیرولینا کی مسلمہ کاونٹی میں واقع مسجد نور مصطفی قائم کرنے کی سعادت حاصل کی تھی ۔ وہ اس مسجد کے متولی اور امام بھی ہیں ۔ ملت کے مسائل اور بالخصوص مسلم نوجوانوں میں دین سے رغبت پر گہری نظر رکھنے والے ڈاکٹر ممتاز علی نے محسوس کیا تھا کہ امریکہ کے اکثر مسلمان ہجری کیلنڈر ، اسلامی مہینوں ان کی فضیلت و اہمیت ان مہینوں سے مربوط واقعات سے واقف نہیں ہیں ۔ چنانچہ انہوں نے 280 صفحات پر مشتمل اپنی کتاب میں اسلامی مہینوں کے مطابق خطبات جمعہ ترتیب دئیے ہیں ۔ جن کے ذریعہ مہینوں کی فضیلت اور تفصیلات بیان کی گئی ہیں ۔ مثلا ہجری سال کے پہلے مہینے محرم الحرام کے خطبات الجمعہ میں اس مبارک مہینہ کے فضائل ، یوم عاشورہ واقعات کربلا ، شہادت امام حسینؓ سے متعلق واقعات کا حوالہ دیا گیا ہے۔ گنبد خضرا کے ساتھ دیدہ زیب سرورق سے آراستہ کتاب خطبات جمعہ معہ انگریزی ترجمہ میں ڈاکٹر صاحب نے خطبہ نکاح کے علاوہ عید الاضحی اور عید الفطر کے خطبات بھی شامل کئے ہیں ۔ حیدرآباد یونیورسٹی سے ایم اے ایم فل فارغ التحصیل محترمہ نزہت سجاد علی حسین ان خطبات کا اردو سے انگریزی میں ترجمہ کی ہیں ۔ یہی وہ خطبات ہیں جو ڈاکٹر میر ممتاز علی نے 1973 میں حیدرآباد سے اپنے ساتھ امریکہ لے آئے تھے ۔ ڈاکٹر میر ممتاز علی نے اس کتاب کی طباعت کے ذریعہ امریکہ میں آباد مسلم برادری کی ایک اہم دینی ضرورت کی تکمیل اور دین اسلام کی ایک اہم خدمت کی ہے ۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس کاوش کو قبول کرتے ہوئے اجر عظیم عطا فرمائے ۔۔