واشنگٹن ؍ نیویارک ۔ 4 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) شدید سرمائی طوفان کے پیش نظر نیویارک کے تینوں ایرپورٹس سے تقریباً 1000 پروازوں کو منسوخ کردیا گیا۔ سرمائی طوفان کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سڑکوں اور ایرپورٹس کے رن وے پر کئی انچ برف جمع ہوگئی ہے۔ امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں کے شہریوں کو ویک اینڈ کے موقع پر جتنی شدت کی سردی کا سامنا کرنا پڑا شاید اس کا تجربہ انھیں گزشتہ کئی برسوںکے دوران نہیں ہوا۔ درجہ حرارت میں بہت زیادہ کمی کی وجہ سے سردی اپنے نقطۂ عروج پر پہنچ چکی ہے ۔
بوسٹن تا نیویارک برف کی دبیز تہہ بچھی ہوئی ہے جس میں حیرت انگیز طورپر زیادہ ہلاکتیں نہیں ہوئی ہیں جس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ عوام اور انتظامیہ پہلے سے ہی اس سرمائی طوفان کا سامنا کرنے تیار تھے۔ ہلاکتوں کی تعداد 13 بتائی گئی ہے ۔ دریں اثناء نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو جنھیں اپنے عہدہ پر فائز ہوئے صرف دو روز ہوئے ہیں ، نے تمام شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی اقدامات کرتے ہوے اپنے مکانات سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ شدید ضرورت کے تحت ہی مکان سے باہر نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انھوں نے نیویارک کے شہریوں کو انتباہ دیا کہ سڑک پر ہر طرف برف کی دبیز چادر سے سفر کرنا دشوارکن ثابت ہوسکتا ہے اور اگر احتیاطی اقدامات نہ کئے گئے تو یہ ہلاکت انگیز بھی ثابت ہوسکتا ہے ۔