حیدرآباد۔/26نومبر، ( پی ٹی آئی) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج الزام عائد کیاکہ بعض تاجرین امریکہ سے چکن لیگس( مرغی کی ران) درآمد کرنے کیلئے اجازت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کی وجہ سے ہندوستانی پولٹری صنعت خطرہ سے دوچار ہوگی۔ آج دو روزہ آٹھویں سالانہ پولٹری نمائش کے موقع پر چیف منسٹر نے کہا کہ بعض تاجرین امریکہ سے ہندوستان چکن لیگس کی درآمد کی اجازت کیلئے سرگرم مہم چلارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری ہندوستان کی سب سے بڑی صنعت ہے۔ اگر امریکہ چاہے تو ہم یہاں سے پولٹری برآمد کرسکتے ہیں۔ انہیں یہ پتہ چلا ہے کہ امریکہ میں مرغی کے گوشت کا ایک حصہ استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر امریکہ چاہے تو ہندوستان سے یہی حصہ امریکہ کو برآمد کرنے کیلئے ہم تیار ہیں۔ انہوں نے پولٹری شعبہ کو صنعتی موقف دینے کے سلسلہ میں مرکز سے مداخلت کی خواہش کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے پولٹری یونٹس کو زرعی صنعتی موقف دیا ہے اور مرکز سے بھی اسی طرح کے اقدامات کی خواہش کی۔ منسٹر آف اسٹیٹ زراعت سنجیو کمار بلیان نے افتتاحی سیشن سے خطاب کیا۔