بیجنگ۔ یکم مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) چین نے امریکہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ جاری کردی، بیجنگ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن خود انسانی حقو ق کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ بیجنگ نے امریکی ڈرون حملوں ، ریاست کی جانب سے جاسوسی پروگرام اور واشنگٹن میں بندو ق کے ذریعے بڑھتے ہوئے جرائم پر امریکہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ امریکہ نے گذشتہ دنوں دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹ جاری کی تھی جس میں چین کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ چین کا کہنا ہے کہ امریکہ نے عالمی رپورٹ میں اپنے ملک میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے سے گریز کیا۔
مذہبی عقیدہ نے نیوکلیئر ہتھیار سازی سے باز رکھا : حسن روحانی
تہران یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر ایران کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ نے نیوکلیئر ہتھیار سازی صرف اُصولوں اورعقیدوں کی بنیاد پر ترک کی ہے اور یہ کہنا غلط ہے کہ معاہدوں کی پابندی میںایران نے نیوکلیئر ہتھیار سازی ترک کی ہے ۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اگر عام تباہی کے ہتھیار بنانا چاہتا تو عرصۂ دراز پہلے بناچکا ہوتا ۔یاد رہے کہ ایران کے روحانی پیشواء آیت اﷲ علی خامنہ ای نے پہلے ہی فتویٰ جاری کردیا ہیکہ نیوکلیئر ہتھیار بنانا مذہبی ناجائز ہے ۔امریکہ و دیگر ممالک بھی اسی خوف میں مبتلا ہیں کہ ایران خفیہ طورپر نیوکلیئر ہتھیار سازی کررہا ہے ۔