طرابلس 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شورش زدہ ملک لیبیا کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنگی سردار خلیفہ حفتر کی حمایت کا سلسلہ ترک کرے۔ طرابلس حکومت نے خلیفہ حفتر کو ایک ابھرتا ہوا ملٹری ڈکٹیٹر قرار دیا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا کہ حفتر کی حمایت سے لیبیا میں پراکسی جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور اس کے علاقائی اور عالمی سطح پر سنگین نتائج مرتب ہو سکتے ہیں۔ خلیفہ حفتر نے گزشتہ ماہ کے اوائل میں طرابلس پر قبضے کا اعلان کیا تھا اور ان کی لیبین نیشنل آرمی طرابلس کے نواح میں پہنچی ہوئی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ خلیفہ حفتر کو امریکہ کے علاوہ فرانس، مصر اور متحدہ عرب امارات کی حمایت حاصل ہے۔