تہران ۔ 7 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے پیر کو کہا کہ امریکہ ، سعودی عرب اور اسرائیل کے تینوں مذکورہ بالا قائدین ایران کے ساتھ تحقیری رویہ کی بدولت یکا و تنہا ہوگئے ہیں۔ ظریف نے اپنی تقریر میں اسنا نیوز ایجنسی سے کہا کہ آج پوری دنیا نے ’’امریکی سیاست‘‘ کو مستر کردیا ہے۔ آپ کسی سے بھی اور کہیں بھی دنیا کے کسی بھی گوشے میں بات کیجئے ، وہ آپ سے کہیں گے کہ صدر امریکہ ٹرمپ ، سعودی عرب کے شاہ محمد بن سلمان اور اسرائیلی صدر بنجامن نتین یاہو یکا و تنہا ہوگئے ہیں ایران نہیں۔ جواد ظریف نے کہاکہ ٹرمپ سے بات چیت یا مفاہمت ناقابل قیاس ہے جبکہ ٹرمپ نے 2015ء میں کیا گیا تاریخی نیوکلیئر معاہدہ کا احترام نہیں کیا جسے ایران اور عالمی طاقتوں نے کئی گھنٹوں کی عرق ریزی کے بعد تیار کیا تھا۔ انھوں نے کہا : ’’آپ کیا سمجھتے ہیں کہ یہ شخص ( ٹرمپ ) بات چیت کرنے کے لائق ہے یا پھر وہ (ٹرمپ) صرف ’’دکھاوا‘‘ کررہا ہے ؟‘‘ ۔ ایرانی قائدین ، امریکہ کی اس پیشکش پر سخت نالاں ہیں کہ ٹرمپ نے ایران سے غیرمشروط بات چیت پر آمادگی ظاہر کی تھی تاہم ظریف نے اس حقیقت کا اظہار کیا کہ ’’امریکی تحدیدات‘‘ کا دوبارہ نفاذ ’ایران‘ کیلئے مشکل ثابت ہوگا ۔ ظریف نے اس حقیقت کو برملا قبول کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ، گرچیکہ سیاسی دباؤ ایران پر ڈالنے کی کوشش کررہا ہے جس سے ایران کو تھوڑا سا نقصان ہوا لیکن یہ بھی سمجھنے والی بات ہیکہ عالمی تناظر میں امریکہ الگ تھلگ ہوجائے گا ۔