بیجنگ، 28 ستمبر ( (سیاست ڈاٹ کام) چین نے امریکہ سے ایسے بیانوں اور الفاظ کے استعمال سے گریز کرنے کو کہا ہے جو چین امریکہ تعلقات اور دونوں ممالک کے شہریوں کے لئے نقصان دہ ہو۔ژنہوا خبررساں ایجنسی نے بتایا کہ امریکہ میں 2018 کے وسط مدتی انتخابات میں چین کی مداخلت کرنے کی کوشش کے بارے میں پوچھے جانے پر وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے کہا کہ امریکہ کو ایسے بیانات اور الفاظ کے استعمال سے بچنا چاہئے جو چین امریکہ تعلقات اور دونوں ممالک کے شہریوں کے لئے نقصان دہ ہو۔انھوں نے کہا”چین کی خارجہ پالیسی کی روایت ہے کہ وہ دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں دخل نہیں دیتا جس کی بین الاقوامی سطح پر کافی ستائش بھی کی گئی ہے ۔ بین الاقوامی برادری کو واضح طور پر معلوم ہے کہ کونسا ملک زیادہ تر دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں دخل دیتا ہے۔انہوں نے امریکہ سے چین پر غیر مناسب الزام لگانے اور بدنام کرنے کی کوشش بند کرنے کی اپیل کی۔