امریکہ ، القاعدہ کے ابو خیر المصری کی ہلاکت کی توثیق کیلئے کوشاں

واشنگٹن۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی حکومت اب اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ آیا شام میں القاعدہ کا نمبر 2 سمجھا جانے والا قائد مارا گیا ہے۔ ایک عہدیدار نے یہ بات اس وقت کہی جب ادلیب کے اطراف و اکناف امریکی حملہ کی خبریں گشت کررہی ہیں۔ دریں اثناء ایک عہدیدار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ تمام خبر رساں ایجنسیاں یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہیں کہ ابو خیر المصری ہلاک ہوا ہے یا نہیں؟ مصری القاعدہ کے بانی اُسامہ بن لادن کا داماد تھا اور یہ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اس گروپ کے موجودہ قائد ایمن الظواہری کا معاون تھا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ 59 سالہ مصری کی پیدائش مصر میں ہوئی تھی اور القاعدہ کے ساتھ اس کے روابط 9/11 سے قبل کے ہیں۔ ایک خانگی سکیورٹی و انٹلیجنس کنسلٹنسی صوفان گروپ نے یہ بات بتائی جبکہ گروپ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ کابل میں مصری کے گیسٹ ہاؤز میں ہی خالد شیخ محمد القاعدہ کے دیگر قائدین کے ساتھ 9/11 حملوں کی سازش رچی تھی۔