امریندر سنگھ کی بحیثیت چیف منسٹر پنجاب حلف برداری

نوجوت سنگھ سدھو ڈپٹی چیف منسٹر نہیں بن سکے، منموہن اور راہول شریک

چندی گڑھ۔ 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) زبردست کامیابی کیلئے کانگریس کی قیادت کرنے کے بعد امریندر سنگھ نے آج بحیثیت چیف منسٹر پنجاب عہدہ اور رازداری کا حلف اٹھایا۔ یہ تقریب راج بھون میں منعقد کی گئی تھیں۔ ان کے بعد کابینی وزیر کی حیثیت سے برہم مہیندرا کو حلف دلوایا گیا۔ قیاس آرائیاں گرم تھی کہ نوجوت سنگھ سدھو ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے لیکن نامعلوم وجوہات کی بناء پر ایسا نہیں ہوا۔ بعدازاں دعائیہ گیتوں کی گونج میں امریندر سنگھ نے دوسری میعاد کیلئے بحیثیت چیف منسٹر اپنے کام کا آغاز کیا۔ 75 سالہ امریندر سنگھ ریاست کے 26 ویں چیف منسٹر ہیں۔ قبل ازیں وہ 2007ء میں کانگریس حکومت کے دوران چیف منسٹر رہ چکے ہیں۔ امریندر سنگھ کے ساتھ مجلس وزراء کے 9 ارکان نے حلف اٹھایا۔ تقریب حلف برداری میں سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور نائب صدر کل ہند کانگریس راہول گاندھی شریک تھے۔ امریندر سنگھ نے کہا کہ وہ اپنے تمام انتخابی وعدوں کی تکمیل کے پابند ہیں اور پہلے کابینی اجلاس میں جو ہفتہ کو مقرر ہے، کئی اہم فیصلے کریں گے۔