نئی دہلی۔/23جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت اتر پردیش نے اسمارٹ سٹیز کے طور پر ترقی دینے کیلئے سب سے زیادہ شہروں کو نامزد کیا ہے جس کے بعد تاملناڈو اور مہاراشٹرا کا نمبر آتا ہے۔ این ڈی اے حکومت کی جانب سے فلیگ شپ اربن پراجکٹ کے آغاز سے قبل100 اسمارٹ سٹیز پراجکٹ کے تحت حکومت نے ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں سے بڑے شہروں کا انتخاب کیا ہے جبکہ چھوٹے شہروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک اور اسکیم بھی شروع کی جارہی ہے۔ وزارت شہری ترقیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ اتر پردیش نے اسمارٹ سٹیز کے طور پر ترقی دینے کیلئے 13شہروں کی سفارش کی ہے جبکہ امرت اسکیم کے تحت 34شہروں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تاملناڈو سے 12اسمارٹ سٹیز اور 13 امرت شہروں کی نمائندگی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ علاوہ ازیں مہاراشٹرا کیلئے اسمارٹ سٹیز پراجکٹ کے تحت 10شہر مختص کئے گئے ہیں
جبکہ گجرات میں 6، کرناٹک میں 6شہروں کو ترقی دینے کے منصوبہ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
Atal Mission for Rejuvenation and Urban Transfromation Scheme
( امرت) کے تحت مہاراشٹرا، گجرات اور کرناٹک میں بالترتیب 21، 31،37 شہروں کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ دہلی میں صرف ایک شہر کو اسکیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے مقررہ میعارات کے مطابق مغربی بنگال اور راجستھان نے اسمارٹ سٹیز پراجکٹ کیلئے 10 شہروں کے نام پیش کئے ہیں۔ آندھرا پردیش اور پنجاب میں 3شہر، اڑیسہ، ہریانہ، تلنگانہ، چھتیس گڑھ میں 2شہر، کیرالا، جھارکھنڈ، آسام ، ہماچل پردیش ، گوا۔ اروناچل پردیش اور چندی گڑھ میں ایک، ایک شہر کو ترقی یافتہ بنایا جائے گا۔ اس طرح امرت اسکیم کے تحت آندھرا پردیش میں 31شہر، راجستھان میں 30، مغربی بنگال میں 28، بہار میں 27، اڑیسہ اور ہریانہ میں 19، کیرالا میں 18، پنجاب میں 17، تلنگانہ میں 15 اور چھتیس گڑھ میں 10شہروں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی 25جون کو ایک تقریب میں 100اسمارٹ سٹیز، 500امرت سٹیز اور پردھان منتری آواس یوجنا ( مکانات کی اسکیم ) کیلئے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کا آغاز کریں گے۔ نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت کے شہری ترقیاتی پراجکٹ میں 12ریاستیں اتر پردیش، تاملناڈو، مہاراشٹرا، مدھیہ پردیش، گجرات، کرناٹک، آندھرا پردیش، راجستھان، پنجاب، ہریانہ، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ سرفہرست ہیں۔ ان 12ریاستوں میں اسمارٹ سٹیز اور امرت اسکیم کے 70فیصد فنڈس صرف کئے جائیں گے۔ مذکورہ 12ریاستوں میں سے 8ریاستیں بی جے پی یا اس کی حلیف جماعتوں کے زیر اقتدار ہیں جہاں پر نصف سے زیادہ اسمارٹ سٹیز اور امرت اسکیم کے 476میں 275 چھوٹے شہروں کو ترقی کیلئے انتخاب کیا گیا ہے اور ترقیاتی و تعمیراتی منصوبہ پر عمل آوری کی ذمہ داری مرکزی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔