امام بخاری کے فرزند کے تقرر کے خلاف مفاد عامہ کی درخواست

نئی دہلی 18 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی ہائیکورٹ میں کل مفاد عامہ کی ایک درخواست کی سماعت ہوگی جس میں دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری کی جانب سے انکے فرزند کو شاہی امام مقرر کرنے کو چیلنج کیا گیا ہے ۔ چیف جسٹس جی روہنی اور جسٹس آر ایس اینڈلا پر مشتمل ڈویژن بنچ کے روبرو یہ مسئلہ آئیگا ۔ یہ درخواست وکیل وی کے آنند نے دائر کی ہے اور کہا کہ شاہی امام ایک عوامی عہدہ ہے اور شخصی نہیں ہے ۔ انہوں نے اس تقررکو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ امامت قابل منتقلی فرض نہیں ہے ۔ درخواست گذار نے کہا کہ شاہی امام در اصل خود دہلی وقف بورڈ کے ملازم ہیں۔