طبخہ ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف الشیخ محمد بن زید آل نھیان نے مراکش کے سیاحتی مقام طنجہ میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں علاقائی مسائل پر بات چیت کی گئی۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اماراتی ولی عہد نے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ طنجہ میں سعودی فرمانروا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں برادر ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے سے اتفاق کیا گیا۔ اماراتی ولی عہد اور شاہ سلمان کے درمیان ہوئی ملاقات میں علاقائی بحرانوں اور باہمی دلچسپی کیامورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ خیال رہے کہ شاہ سلمان ان دنوں خانگی دورے پر مراکش کے شہر طنجہ میں مقیم ہیں جہاں عالمی رہنما ان سے ان کی طنجہ کی رہائش گاہ پر ملاقات کرتے رہتے ہیں۔ گذشتہ روز اماراتی ولی عہد کے ساتھ ملاقات کے دوران شہزادہ خالد بن فہد بن خالد، شہزادہ منصور بن سعود بن عبدالعزیز، شہزادہ ڈاکٹر حسام بن سعود بن عبدالعزیز، شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز، نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز، مراکش میں خادم الحرمین الشریفین کے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز بن محی الدین خوجہ اور شاہی دیوان کے ڈپٹی ڈائریکٹر عقلاء بن علی العقلاء بھی موجود تھے۔ دوسری جانب اماراتی ولی عہد کے ساتھ ابو ظہبی گورنری کے ایگزیکٹو کونسل کے وائس چیئرمین الشیخ ھزاع بن زاید آل نھیان، الشیخ زاید ریلیف فاؤنڈیشن کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر الشیخ نھیان بن زاید آل نھیان، اماراتی قومی سلامتی کے مشیر الشیخ طحنون بن زید آل نھیان، نائب وزیراعظم الشیخ منصور بن زاید آل نھیان، نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی حماد الشامی اور ولی عہد ابو ظہبی کے پرنسپل سیکرٹری نے شرکت کی۔