محبوب نگر۔ 26 اگست (این ایس ایس) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی نے قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کے تجویز کا خیرمقدم کیا ہے اور اس یقین کا اظہار کیا کہ جب کبھی بھی اطلاعات منعقد ہوں گے، ان کی پارٹی ہی فاتح جماعت کی حیثیت سے اُبھرے گی۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اُتم کمار ریڈی اور سابق ریاستی وزیر ناگم جناردھن ریڈی کیساتھ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اگر مقررہ وقت سے قبل انتخابات منعقد کئے جائیں تو ایسی صورت میں بھی کانگریس کو فتح ہوگی۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ ان کی پارٹی کو بہ آسانی 75 نشستیں حاصل ہوں گی۔ ناگم جناردھن ریڈی نے ضلع محبوب نگر کے وزراء کی جانب سے 6 لاکھ ایکر اراضی کو آبپاشی کیلئے پانی کی فراہمی سے متعلق کی جانے والی تشہیر کو غلط قرار دیا۔ ناگم نے چیلنج کیا کہ اگر 2 لاکھ ایکر اراضی کو بھی آبپاشی کیلئے پانی کی فراہمی کا ثبوت پیش کیا جائے گا تو سیاست سے سنیاس لے لیں گے۔