واشنگٹن 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ نے کہا کہ وہ غیر ملکی فوج کو میزائیلس اور ڈرونس کے علاوہ دیگر فوجی آلات فروخت اور سربراہ کرنے کیلئے تیار ہیں تا کہ عراق امریکہ کے ساتھ قریبی تعاون کرتے ہوئے القاعدہ کو شکست دے سکے ۔ امریکہ عراق کی حکومت کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتا ہے اور اس کی مدد کرنے کا تیقن دے چکا ہے ۔ وائیٹ ہاوز کے پریس سکریٹری جے کارنی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم القاعدہ کو شکست دینے کیلئے حکومت عراق سے قریبی تعاون کررہے ہیں۔
خودکش حملہ آور 10 سالہ لڑکی کے بھائی کی تلاش
قندھار 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کی پولیس کو ایک طالبان کمانڈر کی تلاش ہے جس نے مبینہ طور پر اپنی 10 سالہ بہن کو دھماکو مادوں سے بھری ہوئی جاکٹ پہن کر جنوبی صوبہ ہلمند میں خودکش حملہ کرنے پر مجبور کیا تھا۔یہ حملہ ناکام ثابت ہوا ۔ 10 سالہ لڑکی اسپوزمائی کو دھماکہ کرنے سے پہلے ہی پولیس کی ایک چوکی پر گرفتار کرلیا گیا۔
ملائیشیا میں غیر ملکی کارکنوں کے فاسٹ فوڈ ہوٹلوں میں کام پر امتناع
کوالا لمپور 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ملائیشیا کے فاسٹ فوڈ ہوٹلوں میں غیر ملکی کارکنوں کے کام کرنے پر امتناع عائد کردیا گیا ہے ۔ حکومت کے اس فیصلہ سے اندیشہ ہے کہ ہزاروں ہندوستانی متاثر ہوں گے جو ان ہوٹلوں میں باورچیوں اور ویٹرس کا کام کرتے ہیں۔