لندن۔23 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ یمن میں خانہ جنگی کے متحارب فریق الحدیدہ میں امدادی سامان کی ترسیل میں رخنے ڈال رہے ہیں۔ اس بندرگاہی شہر میں جاری لڑائی کی وجہ سے وہاں انسانی المیہ کی صورتحال شدید تر ہو چکی ہے ۔ سعودی عسکری اتحاد کی مدد سے مقامی فورسز اس شہر کی بازیابی کے لیے حوثی باغیوں کے خلاف نبرد آزما ہیں۔ایک غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں ایمنسٹی نے کہا ہے کہ ایران نواز حوثی باغی اور سعودی عسکری اتحاد محصور افراد تک امداد کی رسائی میں انتظامی مسائل پیدا کر رہے ہیں، جن کی وجہ سے وہاں بحرانی صورتحال مزید ابتر ہو سکتی ہے ۔ اس عالمی تنظیم نے زور دیا ہے کہ متاثرین تک امداد کی رسائی ممکن بنائی جائے ۔