الباب میں ترکی کے فضائی حملے

بیروت۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شام کے ایک مستقر میں ترکی کی جانب سے کئے گئے فضائی حملوں میں دس شہریوں بشمول ایک بچہ کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ فضائی حملوں کے علاوہ شلباری بھی کی گئی تھی جہاں اس وقت دولت اسلامیہ کا قبضہ ہے۔ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق الباب مستقر میں کل شلباری کی گئی جہاں دولت اسلامیہ کے جنگجوئوں کا قبضہ ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ حالیہ دنوں میں الباب مستقر شدید بمباری اور شلباری کا نشانہ رہا ہے جہاں اس مستقر کے علاوہ اس کے اطراف و اکناف بھی شامی، روسی اور ترکی لڑاکا طیاروں سے زبردست فضائی حملے کئے۔

 

روس کو ترکی اور ایران سے تعاون کی توقع
ماسکو، 27جنوری (سیاست ڈاٹ کام) روس نے امید ظاہر کی ہے کہ شامی بحران پر ترکی اور ایران کے ساتھ اس کا تعاون طویل مدت تک برقرار رہے گا۔ یہ بیان روسی وزارت خارجہ کے ترجمان ماریہ زخاروف نے آج دیا ہے ۔ واضح رہے کہ روس ، ترکی اور ایران کی حمایت سے شام کے برسرپیکار دھڑوں کے مابین رواں ہفتہ ہی ایک عارضی جنگ بندی ہوئي ہے ۔ تینوں ممالک کے تحاد نے جنگ بندی کی نگرانی کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔