اینکوریج ۔ 15 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) الاسکا کے ایک انتہائی متحرک آتش فشاں 6 سے لاوا نکلنا شروع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے اطراف و اکناف میں راکھ کے بادل چھاگئے ہیں۔ 8262 فٹ کی بلندی پر واقع پاولوف آتش فشاں نے الاسکا کے ایک جزیرہ نما کے ویران مقام پر لاوا اُگلنا شروع کیا جس سے کسی جانی نقصان کا کوئی اندیشہ نہیں کیونکہ انسانی آبادی یہاں سے 65 کیلومیٹر کی دوری پر ہے ۔ دریں اثناء عینی شاہدین نے بتایا کہ آتش فشاں کے دہانے سے اُگلتا ہوا لاوا ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے سفید برف کے گولے ہوں جو اس بات کی علامت ہے کہ آتش فشاں سے لاوا کا اخراج شروع ہوگیا ہے ۔ دریں اثناء الاسکا والکینو آبزرویٹری نے بتایا کہ لاوے کے اخراج کا سلسلہ کئی دنوں ، کئی ہفتوں یا کئی مہینوں تک بھی جاری رہ سکتا ہے ۔
’مردہ‘ پولش خاتون سرد خانے میں ’زندہ‘ ہوگئی
وارسا۔ 15 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام) پولینڈ میں مردہ قرار دی جانے والی ایک 91 سالہ یانینا کولکیاوچ مردہ خانے میں 11 گھنٹے گزارنے کے بعد واپس اپنے گھر پہنچ گئی۔ خاتون کے خاندانی ڈاکٹر نے طبی معائنے کے بعد انھیں مردہ قرار دیدیا تھا۔تاہم جب یانینا کولکیاوچ کو مردہ خانے منتقل کیا گیا تو کچھ دیر بعد عملے کے ارکان ان کے جسم کو حرکت کرتا دیکھ کر متوجہ ہوئے۔پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔