اورنگ آباد ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بہار کے ضلع اورنگ آباد میں ایک گاؤں کے قریب چھوٹے پل کے نیچے الارم کلاک پائے جانے پر عوام میں بم کا گماں پیدا ہوگیا لیکن پولیس نے ب تایا کہ دستیاب مشتبہ شئے بم نہیں تھی ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ اورنگ آباد مسٹر بابو رام نے بتایا کہ دیو پولیس اسٹیشن کے تحت کینکی گاؤں میں ایک برج کے نیچے آلارم گھڑی پائے جانے کی اطلاع پر پولیس اہلکاروں کو وہاں روانہ کیا گیا لیکن یہ گھڑی کسی دھماکہ آلہ سے مربوط نہیں تھی ۔ جسے فی الفور وہاں سے ہٹا دیا گیا ۔ ایس پی نے بتایا کہ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کس کی شرارت تھی یا کسی کے سامان سے پھسل کر نیچے گر گئی تھی یا ماویسٹوں کا منصوبہ تھا ۔ تاہم دیو اسٹیشن ہاوز آفیسر پر مود کمار نے بتایا کہ ضبط شدہ ٹائمر ایک معمولی آلارم گھڑی تھی اور ممکن ہے کہ ماویسٹوں نے اپنی حکمت عملی کے طور پر اسے یہاں نصب کردیا ہو ۔ اورنگ آباد ماویسٹوں کا ایک مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے جہاں پر حالیہ دنوں میں تشدد کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی متصل ضلع گیا کا 9 اگست کو دورہ کرنے والے ہیں ۔۔