ابوجا ۔ 10 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے نائیجریا کے شمال مشرقی علاقے بورنو سے لڑکیوں کے اغوا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی شدت پسند گروہ بوکوحرام کے خلاف ’مناسب اقدامات‘ پر غور کیا جا رہا ہے۔امریکہ چاہتا ہے کہ اقوامِ متحدہ بوکوحرام پر پابندیاں عائد کر دے۔واضح رہے کہ 14 اپریل کو نائجیریا میں چیبوک کے علاقے سے 200 سے زائد طالبات کو اغوا کر لیا گیا تھا جن میں سے 53 اس کارروائی کے دوران بچ نکلنے میں کامیاب رہی تھیں۔لڑکیوں کو رہا کرانے کیلئے نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں ’ہماری لڑکیوں کو واپس لاؤ‘ نام سے احتجاج اور
مظاہرے جاری ہیں امریکہ کی خاتون اول مشیل اوباما گذشتہ مہینے نائجیریا میں اغوا کی جانے والی سینکڑوں طالبات کی بازیابی کی اپیل کیلئے ہفتہ وار صدارتی خطاب کا استعمال کر رہی ہیں۔عام طور پر خاتون اول خارجہ امور سے متعلق بیانات سے گریز کرتی ہے لیکن مسز اوباما نائجیریا میں اغوا کی جانے والی لڑکیوں کیلئے آواز اٹھانے میں پیش پیش ہیں۔وہ امریکہ میں ’مدر ڈے‘ کے موقع پر ہفتہ وار صدارتی خطاب میں صدر اوباما کی جگہ خطاب کریں گی۔ بوکوحرام نے حال ہی میں ان طالبات کے اغوا کی ذمہ داری قبول کی تھی اور اس کے سربراہ ابوبکر شیکاؤ نے دھمکی دی تھی کہ انھیں فروخت کر دیا جائے گا۔اغوا کی جانے والی طالبات کی رہائی کیلئے چیبوؤ شہر میں مظاہرے ہوئے جن میں بوکو حرام کی حراست سے بچ کر نکل آنے والی بعض لڑکیاں بھی شامل ہوئیں۔