اقوام متحدہ کی رائے دہی سے ہندوستانی غیرحاضری پر مسرور سری لنکا نے مچھیرے رہا کردیئے

کولمبو ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مسرور صدر مہندا راجہ پکسے نے آج حکم دیا کہ ان تمام 98 ہندوستانی مچھیروں کو رہا کردیا جائے جو آبی حدود کی خلاف ورزی کی پاداش میں سری لنکائی تحویل میں ہیں، جبکہ ایک روز قبل ہی ہندوستان نے کولمبو کی اس کے انسانی حقوق ریکارڈ پر سرزنش کرنے امریکی سرپرستی والی اقوام متحدہ قرارداد پر رائے دہی میں حصہ لینے سے گریز کیا ہے۔ صدارتی ترجمان وجئے نندا ہیراتھ نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ صدر موصوف نے آج صبح حکم دیا کہ تمام ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کردیا جائے۔

ماسکو حکومت یوکرین کے سرحدی علاقوں سے
فوجی واپس بلا لے : اوباما
روم ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما نے ماسکو حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین کے سرحدی علاقوں سے اپنی افواج واپس بلا لے اور کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔ جمعہ کو اپنے دورۂ یورپ کے اختتام پر اوباما نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں روسی فوج کی تعیناتی غیر ضروری ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ غالبا ًماسکو نے کچھ اضافی منصوبہ جات بنا رکھے ہیں۔ ادھر روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ یوکرین کے تمام حامی فوجی کریمیا سے روانہ ہو گئے ہیں اور یوکرین کا فوجی سازوسامان جلد ہی واپس کر دیا جائے گا۔