اقوام متحدہ کا موصل شہریوں کی ہلاکت پر اظہار ِتشویش

اقوام متحدہ۔25مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے عراقی شہر موصل میں امریکی اتحادی فورسیز کے فضائی حملے میں کثیر تعداد میں شہریوں کی ہلاکت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ امریکی اتحادی فورسیز کے فضائی حملے میں کم از کم دو سو شہریوں کے مارے جانے کی رپورٹ کے بعد عراق میں اقوام متحدہ کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ وہ اس وسیع پیمانے پر ہو نے والی اموات سے حیران ہیں۔ تاہم امریکی میڈیا نے کہا کہ فضائی حملے میں شہریوں کے مارے جانے کی جانچ ہو رہی ہے اور ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ جن اموات کے الزام لگائے جا رہے ہیں وہ کب ہوئی ہیں۔ مغربی موصل میں موجود نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کل ایک عمارت سے 50 نعشوں کو نکالتے ہوئے دیکھا ہے ۔ یہاں مارچ کے شروع میں ہوائی حملے ہوئے تھے ۔قابل ذکربات یہ ہے کہ موصل کو اپنے قبضے میں لینے کے لئے گزشتہ ایک ماہ سے امریکی اتحادی افواج کی جانب سے مسلسل فضائی حملے کئے جا رہے ہیں۔موصل کو دولت اسلامیہ (داعش) کا گڑھ سمجھا جاتا ہے جس پر 2014 سے اس کا قبضہ ہے ۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کا اندازہ ہے کہ موصل کے پرانے شہر میں چار لاکھ عام شہری پھنسے ہوئے ہیں۔ ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد شہر چھوڑ چکے ہیں اور یہ امکان ہے کہ آئندہ ہفتوں میں 3 لاکھ 20 ہزار دیگر افراد شہر چھوڑ سکتے ہیں۔