اسلام آباد۔ 23 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل نمائندہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ یروشلم کے سلسلے میں امریکی پالیسی کو دنیا کے زیادہ ملکوں نے حمایت دینے سے انکار کردیا ہے اور اس کی پرزور مخالفت بھی ہوئی ہے ۔ ملیحہ لودھی نے ٹائمس انٹرنیشنل نیوز سرویس کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ عالمی برادری نے یروشلم کے مسئلے پر جو پالیسی اختیار کی ہے وہ بین الاقوامی ضابطوں اور اصولوں کی جیت ہے اور ان ملکوں نے یروشلم پر امریکی پالیسی کو مسترد کردیا ہے ۔ڈاکٹر لودھی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں انہوں نے پاکستان کے رخ کو بہت ہی واضح طریقے سے رکھا اور مستقبل میں بھی یہی پالیس اختیار کی جائے گی اور پاکستان کبھی بھی اپنے اُصولوں سے سمجھوتہ نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یروشلم کے سلسلے میں امریکہ کا وہ فیصلہ پوری طرح غیر آئینی تھا۔